انگلینڈ نے سابق سٹار بلے باز اور ایشز فاتح کیون پیٹرسن کو 2027 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے وائٹ بال کوچنگ ٹیم میں شامل کرلیا۔ بی بی سی کے مطابق 46 سالہ کیون پیٹرسن خصوصی مشیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے اور سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز سے اپنے نئے کردار کا آغاز کریں گے۔
کیون پیٹرسن انگلینڈ کی وائٹ بال کوچنگ ٹیم میں شامل
لندن ۔7ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ نے سابق سٹار بلے باز اور ایشز فاتح کیون پیٹرسن کو 2027 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے وائٹ بال کوچنگ ٹیم میں شامل کرلیا۔ بی بی سی کے مطابق 46 سالہ کیون پیٹرسن خصوصی مشیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے اور سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز سے اپنے نئے کردار کا آغاز کریں گے۔
وہ رواں موسم سرما میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے دوروں پر بھی ٹیم کے ساتھ ہوں گے، جبکہ آئندہ موسم گرما میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور 2027 ورلڈ کپ میں بھی ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انگلینڈ کے وائٹ بال ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے کہا کہ کیون پیٹرسن نے انگلش کرکٹ پر گہرا اثر ڈالا ہے اور ان کا تجربہ، علم اور قد و قامت ٹیم کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ کیون پیٹرسن انگلینڈ کے کامیاب ترین وائٹ بال بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 2010 میں انگلینڈ کو پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں تقریباً 4،500 رنز بنائے، جبکہ ٹی ٹونٹی میں 1،000 سے زائد رنز بنانے والے انگلش بلے بازوں میں ان کی اوسط سب سے بہتر ہے۔ پیٹرسن نے 2014 میں انگلینڈ کی جانب سے آخری مرتبہ کرکٹ کھیلی تھی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کمنٹیٹر اور مواد تخلیق کار کی حیثیت سے کامیابیاں حاصل کیں اور انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپٹلز کے ساتھ بطور مشیر بھی کام کیا۔
کیون پیٹرسن نے کہا کہ جنوبی افریقا میں ورلڈ کپ جیتنے کے سفر میں انگلینڈ کی مدد کرنے کا موقع ملنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق 2014 کے بعد دوبارہ انگلینڈ کی وردی پہننا انتہائی خاص اور اعزاز کا لمحہ ہوگا۔









