بہاول پو ر ۔ 06 نومبر (اے پی پی):کیو ایس ورلڈ رینکنگ 2025 جامعات کی جاری کی گئی درجہ بندی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایشیاء کی پہلی 401 جامعات میں شامل کی گئی ہے۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور جنوبی ایشیاء میں 107 ویں نمبر پرآئی ہے اور تحقیقی سرگرمیوں میں نمایاں اور بڑی یونیورسٹی قرار پائی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی کیو ایس ورلڈ رینکنگ میں 451-500سے 401-410میں ترقی ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی فیکلٹی، محققین اور طلباوطالبات شبانہ روز اعلیٰ تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ سو سال کی علمی تاریخ رکھنے والی یہ یونیورسٹی نہ صرف پاکستان بلکہ براعظم ایشیاء اور عالمی سطح پر ایک بڑی یونیورسٹی کے طور پر ابھری ہے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی رینکنگ کے سلسلے میں تندہی سے کام کرنے پر ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر محمد اسداللہ مدنی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
وائس چانسلر نے اساتذہ اور طلباوطالبات کو ایشیاء کی پہلی 401 جامعات میں شامل ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسداللہ مدنی نیکیو ایس ورلڈ رینکنگ 2025 کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے 2025میں 59.2 فیصد رینکنگ سکور حاصل کیا جبکہ گزشتہ سال یہ سکور 47.4 فیصد تھا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے انٹرنیشنل ریسرچ نیٹ ورک، تحقیقی مقالات، فیکلٹی کارکردگی،پی ایچ ڈی فیکلٹی اور تدریسی شہرت میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔