کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، جنوبی افریقہ کی میچ پر گرفت مضبوط، پروٹیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنا لئے، پاکستان کے خلاف 205 رنز کی برتری حاصل ہو گئی

کیپ ٹاﺅن ۔ 4 جنوری (اے پی پی) کیپ ٹاون میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن فاف ڈو پلیسی کی عمدہ اننگز کی بدولت میزبان ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی ہے اور اسے پاکستان کے خلاف 205 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ اس کی ابھی 4 وکٹیں باقی ہیں۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنالئے۔ جمعہ کو کھیل کے دوسرے دن جنوبی افریقہ نے 123 رنز دو کھلاڑی آﺅٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو 126 رنز کے مجموعی سکور پر ہاشم آملہ محمد عباس کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 24 رنز بنائے۔ پاکستان کو چوتھی کامیابی 149 کے مجموعی سکور پر ملی جب ڈی بریون 13 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 305 کے مجموعی سکور پر گری جب شاہین شاہ آفریدی نے باووما کو آوٹ کیا، انھوں نے 75 رنز بنائے۔ پاکستان کو چھٹی کامیابی 356 کے مجموعی سکور پر ملی جب شاہین شاہ آفریدی نے ڈو پلیسی کو آوٹ کیا، انھوں نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔کھیل کے اختتام پر ڈی کاک 55 اور فلینڈر چھ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 205 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 177 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی۔