کیڈٹ کالج پیٹارو کی 62ویں پیرنٹ ڈے تقریب کا انعقاد، وزیر اعلی سندہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی

124
Chief Minister of Sindh

حیدرآباد۔ 18 دسمبر (اے پی پی):وزير اعلي سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج پیٹارو سندھ میں پاکستان کے سب سے بڑے تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے، اس ادارے کو مزید مضبوط بنانے میں حکومت سندھ کے تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج پیٹارو کی 62ویں پیرنٹ ڈے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔

اس موقع پر ایم این اے، ایم پی اے اور دیگر معزز شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کا ہیلی پیڈ پر ایم این اے ملک اسد سکندر ، ایم پی اے ملک سکندر، کیڈٹ کالج کے پرنسپل کموڈور فیصل اقبال قاضی ودیگر نے استقبال کیا جبکہ پرنسپل کموڈور فیصل اقبال قاضی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج کے پرنسپل کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا اورانہیں اساتذہ کا تعارف کروایا گیا۔

تقریب میں ایم این اے ملک اسد سکندر، ایم پی اے ملک سکندر، ایم پی اے ڈاکٹر سکندر شورو، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، وزیر اعلیٰ کے پی ایس سلیم باجاری، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کیڈٹ کالج پیٹارو میں 62 ویں پیرنٹ ڈے کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت بڑا اعزاز ہے، ذہین کیڈٹس، والدین اور معزز مہمانوں کی بھری تقریب دیکھ کر متاثر ہوا ہوں۔

انہوں نے طالبعلموں کو مشورہ دیا کہ وہ پیٹارو میں اپنے سفر کا آغاز یہاں اپنے وقت کے بہترین استعمال سے کریں ،خود کو علم، قائدانہ صلاحیتوں اور ذمہ داری کے مضبوط احساس سے لیس کریں، اس سفر سے آگے کی زندگی چیلنجز سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ کامیابی آپ کو اپنانے ثابت قدم رہنے اور قیادت کرنے کی صلاحیت پر منحصر ہے کامیاب ہونے کیلئے نہ صرف اپنے والدین کیلئے بلکہ اپنے ملک کے لیے بھی مخلص بنیں کیونکہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور ہمیں آپ سے بے پناہ امیدیں وابستہ ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پرنسپل اور سٹاف کو انکے فرائض سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو مزید مضبوط بنانے میں حکومت سندھ کے تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کیڈٹ کالج پیٹارو کیلئے 1.5 میگاواٹ کے سولر سسٹم کی فراہمی اورتمام ملازمین کی لگن اور محنت سے کام کرنے کے لیے دو ماہ کی مجموعی تنخواہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کا معیار اس کے ماحول کی بہترین عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیٹارو کے کیڈٹس نے افواج، سول سروسز سمیت مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے اورپیٹریئنز نے پاکستانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کی صفوں میں خود کو شامل کیاہے،مجھے یقین ہے کہ کیڈٹ کالج پیٹارو بطور بہترین مرکز اپنا نام کماتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی خدمت کیلئے مستقبل کے لیڈر تیار کرنے میں پیٹارو سرفہرست ہے۔ انہوں نے سالانہ کالج رپورٹ پیش کرنے پر پرنسپل کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کیڈٹ کالج کے طالبعلوں کی جانب سے حیدرآباد ،فیڈرل بورڈ اور کیمبرج سسٹم کے ذریعے حاصل نتائج واقعی قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پیٹارو ان چند اداروں میں شامل ہے جو خود کو طلباءکی مکمل تیاری کیلئے وقف کرتے ہیں۔ انہوں نے والدین کو اپنے بچوں کو اس عظیم ادارے کے سپرد کرنے کے فیصلے کو سراہا-انہوں نے کیڈٹ کالج میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالبعلموں کومبارکباد دی۔