کے ٹی پی ایل ، ڈی ایچ اے دبنگز،کلفٹن پاپولر، لیاری لیجنڈزاور ملیر ملنگز نے فائنل فور میں جگہ بنالی

106

کراچی۔ 15 دسمبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن ڈی ایچ اے دبنگز،لیاری لیجنڈز اور کلفٹن پاپولر نے اپنے آخری لیگ میچز جیت کر کراچی ٹیپ بال پریمیر لیگ سیزن تھری کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ایونٹ کی فیورٹ ٹیم گلشن گوہر فائنل فور میں جگہ نہ بنا سکی ۔معین خان سپورٹس اکیڈمی گرائونڈ میں جمعہ کو کھیلے گئے میچوں میں ڈی ایچ اے دبنگز نے جوہر جوانز کو 9وکٹوں سے ،کلفٹن پاپولر نے لیاری لیجنڈز کو 5وکٹ سے اور آخری میچ میں لیاری لیجنڈز نے کراچی نائٹس کو شکست دی اور سیمی فائنل کا پروانہ حاصل کیا۔

پہلے میچ میں جوہر جوانز نے پہلے بیٹنگ کی اور49رنز بنائے،ظہیر کالیا نے6رنز دے کر دو وکٹ لئے، جواب میں ڈی ایچ اے دبنگز نے99رنز بناکر 50رنز کی سبقت پائی ،خرم شہزاد نے 57رنز سکور کئے تھے ،دوسری اننگز میں جوہر جوانز 91رنز بناسکی اور اس نے41رنز کی برتری حاصل کی ،شاہ رضا31رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ڈی ایچ اے دبنگز نے42رنز کا ہدف خرم شہزاد کے35رنز کی بدولت2.1اوورز میں حاصل کر لیا ۔ظہیر کالیا مین آف دی میچ رہے ۔دوسرے میچ میں کلفٹن پاپولر نے لیاری لیجنڈز کے خلاف 5وکٹ سے کامیابی سمیٹی ،لیاری لیجنڈز نے پہلے کھیل کر اشرف پٹھان کے23رنز کی بدولت92رنز بنائے۔ جواب میں کلفٹن پاپولر نے بھی92رنز اسکور کئے ۔

اسد شاہ39رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لیاری لیجنڈز نے دوسری اننگز میں نظار لیفٹی کے41رنز کی بدولت95رنز بناکر 96رنز کا ہدف دیا جو کلفٹن پاپولر نے میچ کی آخری گیند پر حاصل کر لیا ۔اسد شاہ نے34اور کامی20رنزبنائے۔ اسد شاہ مین آف دی میچ رہے ۔تیسرے اور آخری میچ میں لیاری لیجنڈز نے کراچی نائیٹس کو 81 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ۔لیاری لیجنڈز نے پہلی اننگز میں قاری حمید اللہ اور حسن پائندہ کے47-47رنز کی بدولت112رنز بنائے ۔کراچی نائٹس 77رنزبناکر35رنز کے خسارے میں رہی ۔

دوسری اننگز میں لیاری لیجنڈز نے141رنز بناکر 176رنز کی مجموعی برتری حاصل کی ۔حسن پائندہ نے23گیندوں پر10چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے85رنز اسکور کئے اور مین آف دی میچ بھی قرار دئیے گئے ۔177رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی نایٹس 95رنز بنا سکی ۔حارث علی31اور عبید24رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ واضح رہے کہ پہلا سیمی فائنل ڈی ایچ اے دبنگز اور ملیر ملنگز جبکہ دوسرا کلفٹن پاپولر اور لیاری لیجنڈز کے مابین شیڈول ہے ۔