اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اگر احتجاجی جلسہ پنجاب یا سندھ میں کرے تو پتہ لگے کہ جلسہ ہے،کے پی جلسے میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہوگا۔
جمعہ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کے پی میں ان کی حکومت ہے، وہاں دھاندلی کا رونا رویا جا رہا ہے، 8 فروری کو وہاں جلسہ کیا جا رہا ہے تا کہ حکومتی وسائل استعمال کیے جا سکیں ، کے پی کے عوام کی دولت جلسے پہ لٹائی جا رہی ہے، سرکاری مشینری میسر ہے، سرکاری ملازمین جلسہ گاہ بھرنے کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اگر احتجاجی جلسہ کرنا ہے تو آئیں پنجاب میں کریں، سندھ یا بلوچستان میں کریں جہاں آپ کا دعویٰ ہے کہ آپ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ، کسی اور صوبے سے عوام تو درکنار آپ کی لیڈر شپ تک روپوش ہو جاتی ہے ۔