گال ٹیسٹ۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا لئے ‘ کپتان جوئے روٹ کی 186 رنز کی اننگز’ لستھ ایمبولڈنیا کی 7 وکٹیں

کولمبو۔24جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا لئے’ کپتان جوئے روٹ نے 186 رنز کی بہترین اننگز کھیلی’ لستھ ایمبولڈنیا نے 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا’ انگلینڈ کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 42 رنز درکار ہیں۔ اتوار کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تاہم جونی بیرسٹوو تیسرے روز کھیل کے آغاز میں ہی 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ کپتان جوئے روٹ نے انگلینڈ کی اننگز کو ایک اینڈ پر سنبھالے رکھا۔ روٹ 186 رنز بنا کر رٹ آئوٹ ہوگئے۔ جوز بٹلر نے 55 رنز جبکہ ڈوم بیس نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کے لستھ ایمبولڈنیا نے اپنے کیریئر کی بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس طرح انگلینڈ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 339 رنز بنا لئے جبکہ اس کی ابھی ایک وکٹ باقی ہے۔ انگلینڈ کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 42 رنز درکار ہیں۔ سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 381 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی’ اینجلیو میتھیوز نے 110 رنز جبکہ نروشن ڈکویلا 92 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے’ جیمز اینڈرسن نے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ واضح رہے انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔