گال۔20جولائی (اے پی پی):پاکستان نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، قومی ٹیم نے 131 رنز کا آسان ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، امام الحق نے نصف سنچری سکور کی، سعود شکیل کو پہلی اننگز میں شاندار ڈبل سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جمعرات کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو پاکستان کو جیت کے لئے صرف83 رنز درکار تھے، اوپنر امام الحق25 اور کپتان بابر اعظم6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ آخری روز کھیل کے آغاز میں ہی بابر اعظم 79 کے مجموعی سکورپر24 رنز بنا کر جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے۔ اس موقع پر اوپنر امام الحق نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، پہلی اننگز میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے سعود شکیل دوسری اننگز میں38 گیندوں پر30 رنز بنا کر مینڈس کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔
سابق کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرا دیا، آغا سلمان6 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکن بائولر پراباتھ جے سوریا نے 4 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح پاکستان نے میچ کے آخری روز کے پہلے سیشن میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
سعود شکیل کو شاندار ڈبل سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 312 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 461 رنز بنا کر 149 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی ، سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں279 رنز کر آئوٹ ہوگئی، اس طرح پاکستان کو جیت کے لئے 131 رنز کا آسان ہدف ملا تھا ۔ اس فتح کے بعد پاکستان کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 12 پوائنٹس حاصل ہوگئے ہیں۔