اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سے سیاحوں کی ایک بڑی تعدادسرد موسم سے لطف اندوز ہونے اورشدید گرمی سے بچنے کیلئے مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر پہنچ گئی۔ اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے جی الیون کی رہائشی انیتا احسن نے بتایا کہ شدید گرمی کی لہر نے جڑواں شہروں کے لوگوں کو پہاڑی علاقوں بشمول پتریاٹا، نتھیا گلی،
ایوبیہ اور دیگر مقامات کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔راولپنڈی کے رہائشی ہارون وحید نے فیملی کے ساتھ مری کا دورہ کیا اور شکایت کی کہ ہوٹلوں، پلازوں اور گھروں کے مالکان سیاحوں سے زائد کرایہ وصول کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں کیونکہ بین الاقوامی سیاح بھی ان مقامات کا دورہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی جگہوں اور دیگر سیاحتی مقامات پر غیر معیاری کھانا فروخت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔