گزشتہ دو سال کے دوران 109 ارب روپے کی لاگت سے نئے اپارٹمنٹس کی تعمیر اور رکی ہوئی سکیموں کو دوبارہ شروع کیا گیا، وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس

70

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس نے گزشتہ دو سالوں کے دوران 109 ارب روپے کی لاگت سے نئے اپارٹمنٹس کی تعمیر اور رکی ہوئی سکیموں کو دوبارہ شروع کرتے ہوئے ملک میں کم آمدن والے افراد کی سہولت کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزارت ہائوسنگ نے تین سے پانچ مرلہ کے کم لاگت کے ہائوسنگ یونٹس کی تعمیر کیلئے کم آمدن والے افراد کو سود سے پاک 5 ارب روپے مالیت کی مختلف سکیموں کا آغاز کیا۔ وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ایک عہدیدار نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ 5137 ہائوسنگ یونٹس تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس نے کچھ رکے ہوئے منصوبوں کو بحال کیا ہے جن میں کری روڈ اسلام آباد، وفاقی کالونی لاہور، جی ٹین ٹو اسلام آباد، آئی 16 تھری اسلام آباد اور آئی 12 ون اسلام آباد شامل ہیں۔ طویل عرصہ سے تعطل کا شکار ان منصوبوں پر کام شروع کیا گیا اور پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) کی جانب سے انہیں مکمل کیا گیا تاہم آئی 16 تھری اور آئی 12 ون کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بلوچستان میں اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کچلاک روڈ کوئٹہ کا منصوبہ 1350 ہائوسنگ یونٹس پر مشتمل ہے جس کا افتتاح 2019ءمیں کیا گیا۔ اس منصوبہ کے لئے بلوچستان حکومت کی جانب سے زمین فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ممبر شپ ڈرائیو کے ذریعے 7700 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں اور خودکار طریقے سے کامیاب قرعہ اندازی کا انعقاد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈبلیو پی) کی جانب سے پی سی ون منظور کرلیا گیا ہے اور پی ایچ اے ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس کی توثیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بولی اور ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھیکیداروں کو کام شروع کرنے کا لیٹر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ خیبر پختونخوا میں اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے ریذیڈینشیا سروزئی پراجیکٹ پشاور کے لئے 8500 کنال زمین خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی اور پہلے مرحلے میں پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فائونڈیشن 10 ہزار ہائوسنگ یونٹس تعمیر کرے گی۔ منصوبوں کے بارے میں آگاہی مہم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اسٹیک ہولڈرز اور الاٹیوں کو معلومات سے آگاہ رکھنے کے لئے وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کی ویب سائیٹ پر تمام منصوبوں اور سکیموں کے بارے میں ہر قسم کی معلومات دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے اپنے فیس بک اور ٹویٹرز اکائونٹس ہیں جن پر منصوبوں اور اقدامات کی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ منصوبوں کے حوالے سے اخبارات، سیمینارز اور میڈیا کے ذریعے تشہیر بھی کی جاتی ہے۔