اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران اسلام آباد میں جائیداد سے متعلق جرائم کی شرح میں 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جمشید احمد کے سوال کے جواب میں وزارت داخلہ کی جانب سے ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ سال 2023ء میں اسلام آباد میں جائیداد سے متعلق جرائم کے کل 9 ہزار 406 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
سال 2024ء میں اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں جائیداد سے متعلق 8 ہزار 470 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ 2024ء میں جائیداد سے متعلق جرائم میں گیارہ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایوان کو بتایا گیا کہ سال 2024ء کے دوران 1596 گینگ ممبران پر مشتمل کل 686 فعال گینگز کو گرفتار کیا گیا۔
سال کے دوران 80 کروڑ 26 لاکھ 33 ہزار 491 روپے کی چوری کی گئی رقوم مالکان کو حوالے کی گئیں۔ ایوان کو بتایا گیا کہ ریسکیو 15 پر کی جانے والی ایس او ایس کالز کیلئے زیادہ سے زیادہ 3 سے پانچ منٹ کا ریسپانس ٹائم حاصل کیا گیا ہے۔
ایوان کو بتایا گیا کہ دارالحکومت اور نواحی علاقوں میں جرائم کی روک تھام کیلئے فعال حکمت عملی کے تحت کام ہو رہا ہے۔