خرم شہزاد گلاسگو ۔5فروری (اے پی پی):گلاسگو 2026 کے منتظمین نے 'گرین گیمز' (ماحول دوست کھیلوں) کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے دنیا کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی کے ساتھ تاریخی شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ ان کھیلوں کے لیے کسی الیکٹرک وہیکل کمپنی کو باقاعدہ پارٹنر بنایا گیا ہے۔ رواں سال برطانیہ کے سب سے بڑے …
گلاسگو 2026 کامن ویلتھ گیمز: ماحول دوست مستقبل کے لیے بی وائی ڈی آفیشل کار پارٹنر مقرر

مزید خبریں
خرم شہزاد
گلاسگو ۔5فروری (اے پی پی):گلاسگو 2026 کے منتظمین نے ‘گرین گیمز’ (ماحول دوست کھیلوں) کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے دنیا کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی کے ساتھ تاریخی شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ ان کھیلوں کے لیے کسی الیکٹرک وہیکل کمپنی کو باقاعدہ پارٹنر بنایا گیا ہے۔
رواں سال برطانیہ کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ، گلاسگو 2026 کا آغاز 23 جولائی سے ہوگا، جس میں 74 ممالک کے 3,000 ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ یہ مقابلے شہر کے چار اہم مقامات پر منعقد ہوں گے جن میں 10 مختلف کھیل اور 6 پیرا اسپورٹس شامل ہیں۔ بی وائی ڈی کھیلوں کے دوران انتظامیہ، کھلاڑیوں اور عملے کی نقل و حمل کے لیے 90 جدید گاڑیاں فراہم کرے گا۔ جو نہ صرف گیمز بلکہ ‘ٹیم اسکاٹ لینڈ’ کا بھی آفیشل پارٹنر بن گیا ہے اور ‘کنگز بیٹن ریلے’ کے دوران اپنی خدمات پیش کرے گا۔اس شراکت داری کا مقصد کاربن کے اخراج میں کمی لانا اور ماحول دوستی کے نئے معیار قائم کرنا ہے۔
گلاسگو 2026 کی چیف آپریٹنگ آفیسر جیڈ گیلاگھرکا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد ان کھیلوں کو تاریخ کے سب سے زیادہ پائیدار اور ماحول دوست مقابلے بنانا ہے، اور بی وائی ڈی کی ٹیکنالوجی اس ہدف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ دوسری جانب، بی وائی ڈی کے ڈپٹی کنٹری مینیجر اسٹیو بیٹی نے اس اشتراک پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی کی جدید ترین بیٹری ٹیکنالوجی اور الیکٹرک گاڑیاں گلاسگو کے پائیدار ماڈل کے ساتھ مکمل ہم آہنگی رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ بی وائی ڈی برطانیہ کی الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں تیزی سے ابھرتی ہوئی کمپنی ہے، جس نے 2025 میں 12 فیصد سے زائد مارکیٹ شیئر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔








