پشاور۔ 13 اگست (اے پی پی):حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں گلوبل تائیکوانڈو ورلڈ چیمپئن شپ کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا خصوصاً قبائلی اضلاع کے کھلاڑی دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،حالیہ گلوبل تائیکوانڈو ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کا فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے سب کے دل جیت لیے۔ محمد سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور جلد ہی فاتح ٹیم کو مدعو کریں گے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ان کی مکمل سرپرستی کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔ صوبائی حکومت ایسے ٹیلنٹ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔تقریب میں فاتح کھلاڑی مسعودد آفریدی، اقراء وکیل، ثناء آفریدی، حنسہ خان، کوچ جمال آفریدی، ایڈمنسٹریٹر عابد آفریدی، ڈاکٹر صدیق آفریدی اور دیگر مہمان شریک تھے۔ اختتام پر محمد سہیل آفریدی اور دیگر مہمانوں نے کھلاڑیوں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔