گلگت بلتستان حکومت اور پلس ڈبلیو انکارپوریشن جاپان کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

135
گلگت بلتستان حکومت اور پلس ڈبلیو انکارپوریشن جاپان کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

گلگت۔6مئی (اے پی پی):گلگت بلتستان حکومت اور پلس ڈبلیو انکارپوریشن جاپان کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دئیے گئے۔

اس موقع پروزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید ، صوبائی وزراء ،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور دیگراعلی سرکاری حکام بھی موجود تھے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت انسانی وسائل پر سرمایہ کاری اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو ہر قسم کی سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے جاپان کی معروف کارپوریشن ڈبلیو پلس کو گلگت بلتستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے شراکت داری پر صوبائی حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کا اعادہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ڈبلیو پلس انکارپوریشن گلگت بلتستان کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر پہچان دلانے اور آئی ٹی کے شعبے میں تربیت فراہم کرنےکیلئے بھرپور ادا کریگا۔وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس موقع پر مزید کہا کہ صوبائی حکومت آئندہ صوبائی بجٹ میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کیلئے بڑا حصہ مختص کریگی۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کیلئے گزشتہ سال سے تاریخی اصلاحات متعارف کروائی ہیں اور صوبے کے اسکولوں میں تین سو سے زائد آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں۔

گلگت بلتستان لے سکولوں میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت سکھانے کیلئے اہم منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔پاک جاپان کونسل کے سربراہ نے ہیاشا کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر پاکستان اور جاپان میں آئی ٹی سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں شراکت داری کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات میں اضافہ کریں ۔پاک جاپان سینٹر نے 3 ہزار آئی ٹی انجینئرز کی رجسٹریشن مکمل کرلی ہے اوراس سال جون میں 2 پاکستانی آئی ٹی اسٹارٹ اپس کا جاپان میں قیام عمل میں لایا جائیگا۔ مزید برآں سینٹر پاکستانی انجینئرز کو جاپان زبان سکھانے اورپاکستانی آرٹیفشل انٹیلی جنس انجینئرز کو جاپان میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہا ہے۔

پاک جاپان سینٹر امسال اگست سے گلگت بلتستان کی یونیورسٹیوں میں بھی تربیتی پروگرام شروع کررہا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو پلس سکورائی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ سمیت تربیتی پروگرامز کے انعقاد اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری میں بھرپور معاونت فراہم کرینگے۔ گلگت بلتستان کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور انہیں بہتر رہنمائی اور روزگار کے مواقع حاصل کرنے کیلئے تعاون فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی سے سیاحت اور معیشت کے نئے دروازے وا ہونگے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔