گلگت بلتستان میں غذائیت سے بھرپور آٹے کی فراہمی کے لیے WFP اور محکمہ خوراک کا تعاون مزید مضبوط
گلگت بلتستان میں غذائیت سے بھرپور آٹے کی فراہمی کے لیے WFP اور محکمہ خوراک کا تعاون مزید مضبوط

مزید خبریں
گلگت۔ 03 جولائی (اے پی پی):سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان محمد اعظم خان سے عالمی خوراک پروگرام (WFP) کے گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کے ہیڈ ندیم بیگ اور گلگت بلتستان کے انچارج محمد یعقوب نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گلگت بلتستان میں معیاری خوراک بالخصوص گندم اور آٹے کے معیار کو مزید بہتر بنانے، فوڈ فورٹیفکیشن اور غذائی تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عالمی خوراک پروگرام کے ہیڈ ندیم بیگ نے محکمہ خوراک گلگت بلتستان کے ساتھ مشترکہ طور پر اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گندم کی غذائیت میں اضافے کے لیے مائیکرو فیڈرز کی تنصیب سمیت معیاری خوراک کی فراہمی کے حوالے سے عالمی خوراک پروگرام مسلسل تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی محکمہ خوراک کے ساتھ اشتراک کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے.
انہوں نے کہا کہ عالمی خوراک پروگرام نے پہلے مرحلے میں گلگت بلتستان کے 29 فلورمل میں مائیکروفیڈرز انسٹالیشن کردیا ہے اور دوسرے مرحلے میں دوردارز علاقوں میں موجود آٹا چکیوں میں بھی مائیکرو فیڈرز انسٹال کیا جائے گا تاکہ عوام الناس کو غذائیت سے بھر پور آٹا مہیا ہوسکے۔ سیکرٹری خوراک گلگت بلتستان محمد اعظم خان نے عالمی خوراک پروگرام کے تعاون اور محکمہ خوراک کے ساتھ اب تک کیے گئے مشترکہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ خوراک مستقبل میں بھی عالمی خوراک پروگرام کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھتے ہوئے گلگت بلتستان میں غذائی معیار کو مزید بہتر بنانے اور فوڈ سیکیورٹی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے گا۔ ملاقات کے آخر میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی مفاد میں مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔








