اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر ، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت واپڈا سی بی ایم پراجیکٹس کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں واپڈا کے اعتماد سازی کے اقدامات کے منصوبوں بشمول چولہ پیکیج، واٹر سپلائی اور صفائی کے مسائل، زمین کی تصفیہ کے معاملات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس موقع پروفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔وفاقی وزیر نے مسائل کے حل کے لئے جی بی کے عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نےبھاشا ڈیم کے متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔واپڈا حکام نے بتایا کہ پانی کی فراہمی کے منصوبے کے ٹینڈر دو ہفتوں میں جاری کر دیئے جائیں گے۔اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے اور گلگت بلتستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے ہدایت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور گلگت بلتستان کا دورہ کرکے جائز مطالبات حل کرنے کیلئے جامع فیصلے کرے گی۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان (بذریعہ زوم)، چیئرمین واپڈا جنرل (ر) سجاد غنی، چیف سیکرٹری جی بی ابرار احمد مرزا، وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و جی بی ظفر حسن، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔