28.8 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںگلگت بلتستان کی پائیدار ترقی کیلئے معیاری تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت...

گلگت بلتستان کی پائیدار ترقی کیلئے معیاری تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت ناگزیر ہے، صدر مملکت کا یونیورسٹی آف بلتستان کے کانووکیشن سے خطاب

- Advertisement -

سکردو ۔14جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی پائیدار ترقی کیلئے معیاری تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت ناگزیر ہے، پیشہ وارانہ تربیت حاصل کرنا تمام طالب علموں بالخصوص طالبات کیلئے اہم ہے، طالب علم ڈیجیٹل مہارت اور فری لانسنگ کی تربیت سے مالی خود مختاری کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یونیورسٹی آف بلتستان کے پانچویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کامیاب ہونے والے طالب علموں، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے اور خطہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت ہے، صرف ہنرمند افرادی قوت کے ذریعے ہی معاشی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کو تربیت یافتہ پروفیشنلز بالخصوص آئی ٹی کے شعبہ میں ہنرمند افراد کی ضرورت ہے، 2030ء تک دنیا کو سائبر سیکورٹی کے شعبہ میں 8 کروڑ ماہرین کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہماری یونیورسٹیوں کو اس پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے، جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے نوجوانوں بالخصوص خواتین کیلئے عالمی مارکیٹ کے دروازے کھل گئے ہیں،

نوجوانوں سمیت خواتین گھر بیٹھے آن لائن روزگار کما سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلام میں خواتین کے کاروبار کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے اس لئے خواتین طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سکلز پر توجہ دینی چاہئے جس سے وہ اپنے گھر میں رہ کر آسانی سے باعزت روزگار کما سکتی ہیں۔ انہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ اپنی کمیونیکیشن سکلز کو بہتر کریں تاکہ وہ ڈیجیٹل اور آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے مؤثر مارکیٹنگ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی خطہ کے مستقبل کیلئے بڑا خطرہ ہے اس لئے یونیورسٹیوں کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ماحول کے تحفظ اور ماحول دوست طریقوں پر عمل کرکے موسمیاتی تبدیلی کے بحران اور عالمی حدت سے نمٹنے کیلئے کوششوں کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، اس علاقے کی طرح یہاں کے لوگ بھی خوبصورت ہیں جو کہ ملکی ترقی و استحکام میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں نے سخت محنت کرکے تعلیم حاصل کی ہے جو کہ ان کیلئے اﷲ کی رحمت ہے۔

انہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ اپنے دماغ کھلے رکھیں اور زندگی بھر تعلیم کا حصول جاری رکھیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے گلگت بلتستان آمد پر صدر مملکت کا خیرمقدم کیا اور گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ان کے خصوصی رشتے کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے گلگت بلتستان میں تین یونیورسٹیاں قائم کرنے کی حکمت عملی وضع کر رہی ہے۔

قبل ازیں صدر مملکت کا تقریب میں آمد پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد زیدی، صوبائی وزرا، سینئر حکام اور یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔

بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذاکر حسین ذاکر نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا اور صدر مملکت کا ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں میڈلز تقسیم کئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=312369

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں