اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے الیکشن سے پہلے سے اپنا فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں سنا دیا ہے، سابقہ ادوار میں اس علاقے کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، سیاحت کا فروغ وزیراعظم کا وژن ہے، گلگت بلتستان میں خصوصی سیاحتی مقامات بنائے جائیں گے، ماضی میں اس علاقے کی ترقی …
گلگت بلتستان کے عوام نے الیکشن سے پہلے اپنا فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں سنا دیا ہے، وفاقی وزیر مراد سعید کی پی ٹی وی سے بات چیت
اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے الیکشن سے پہلے سے اپنا فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں سنا دیا ہے، سابقہ ادوار میں اس علاقے کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، سیاحت کا فروغ وزیراعظم کا وژن ہے، گلگت بلتستان میں خصوصی سیاحتی مقامات بنائے جائیں گے، ماضی میں اس علاقے کی ترقی کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے، سڑکوں کی حالت ابتر ہے، لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں جس طرح انہوں نے تحریک انصاف کی مہم میں شرکت کی، گلگت بلتستان کے عوام کے اندر جو جذبہ اور تبدیلی کا خواب ہے اور جس طرح 2020ءکے جی بی الیکشن میں شرکت کر رہے ہیں، اس پر میں ان کا مشکور ہوں۔ انہوں نے الیکشن سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انشاءاﷲ پی ٹی آئی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپوزیشن کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے، اپوزیشن نے وقت سے پہلے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنما گلگت بلتستان میں ناکامیوں کا ذکر اپنے جلسوں میں کر رہے ہیں تو میرا کہنا یہ ہے کہ یہ ناکامیاں ان کے اپنے دور کی ہیں کیونکہ یہاں حکومت ان کی اپنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دریا کے کنارے رہنے والے لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں ہے۔ یہ خوبصورت علاقہ ہے لیکن یہاں سیاحت کے فروغ کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی یہاں سیاحت کو فروغ دے کر لوگوں کو روزگار مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کیلئے سی پیک میں کوئی منصوبہ نہیں رکھا گیا تھا، یہاں بچیوں کا تعلیم کی طرف رجحان بھی ہے لیکن نہ تو یہاں سکول ہیں، نہ کالج اور نہ یونیورسٹیاں ہیں۔ اس علاقے میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی کافی صلاحیت موجود ہے لیکن اس علاقے کو گذشتہ ادوار میں بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ یہاں پر بنیادی سہولتیں تک دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن جیتنے سے پہلے منصوبے دیئے تھے، سی پیک کے تحت یہاں منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے اور زمین کا تعین بھی ہو چکا ہے۔ سی پیک کے منصوبوں سے اس خطے میں خوشحالی آئے گی، معیشت کا پہیہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بابو سر ٹاپ سال کے آٹھ مہینے بند رہتا ہے، اس کی فزیبلٹی تیار کرلی گئی ہے، آئندہ سال سے یہ پورا سال کھلا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سے شندور، شندور سے چترال اور چترال سے چکدرہ منصوبہ بھی سی پیک میں شامل کرلیا گیا ہے۔ صحت کی سہولیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو بھی صحت انصاف کارڈز دیئے جائیں گے جس میں وہ سات لاکھ روپے سے دس لاکھ روپے تک علاج معالجہ کی سہولت پاکستان کے کسی بھی ہسپتال سے حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین ہے، میں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عمران خان کو مقبولیت دی اور محبت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاﷲ 15 تاریخ کو تحریک انصاف گلگت بلتستان سے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔









