گلگت سے خنجراب موٹروے ”گیم چینجر”منصوبہ، چین اور وسط ایشیائی ممالک تک رسائی ممکن ہو گی، عبدالعلیم خان

112

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے شاہراہوں کی تعمیر اور نئے منصوبوں کی نشاندہی کی ترجیحات کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت سے خنجراب موٹروے ”گیم چینجر”منصوبہ ہے جس سے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک رسائی ہوسکتی ہے، تعمیراتی منصوبوں کیلئے ایماندار اور با صلاحیت افسران کا انتخاب کیا جائے اور اتھارٹی اپنی آمدنی میں اضافے کے لئے اقدامات کرے۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا اظہار جمعرات کو اپنی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مختلف منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ شاہراہوں کی تعمیر اور نئے منصوبوں کی نشاندہی کی ترجیحات کا تعین کیا جائے، چیئرمین این ایچ اے تعمیراتی منصوبوں کیلئے ایماندار اور با صلاحیت افسران کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ فنڈز کا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اپنی آمدنی میں اضافہ کرے اور دیگر ممالک میں منصوبوں پر کام کرنے کا ماڈل تیار کرے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف پیسہ خرچ کرنا کوئی کمال نہیں، محکموں کو اپنی آمدنی میں اضافہ کرنا ہو گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کی طرف سے گلگت پیکج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ گلگت سے خنجراب موٹروے ”گیم چینجر”منصوبہ ہے جس سے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک رسائی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر تک سڑک اور ریل کے ذریعے زمینی رابطہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ گلگت سے چترال، شندور، مانسہرہ اور دیگر سڑکوں کی معیاری تعمیر یقینی بنائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی موٹروے پولیس تعینات کرنے اور صارفین کو بہترین سہولیات دینے پر غور کیا جائے، شاہراہوں اور سڑکوں کی تعمیرکے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ شاہراہوں پر سیکورٹی بہتر ہو گی تو زیادہ سیاحوں اور شہریوں کو سفری سہولیات ملیں گی۔

اجلاس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں این ایچ اے کے منصوبوں پر غور و خوض کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں این ایچ اے کی طرف سے نئے ٹول پلازوں کی تعمیر اور فنکشنل ہونے کی تفصیلات پیش کی گئیں اور اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال این ایچ اے کو 23 ارب روپے کے اضافی فنڈز حاصل ہوں گے۔