پشاور۔4دسمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا اسمبلی نے رکن اسمبلی آمنہ سردار کی پیش کردہ قرارداد منظور کرتے ہوئے بالائی ایبٹ آباد میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی اور ہنگامی فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی ۔ قرارداد کے ذریعے انہوں نے مطالبہ کیا کہ تباہ شدہ سڑکوں کی فوری مرمت اور مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مربوط اقدامات …
گلیات اور بالائی ایبٹ آباد کو آفت زدہ قرار دینے کی آمنہ سردار کی قرارداد خیبر پختونخوا اسمبلی سے منظور

مزید خبریں
پشاور۔4دسمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا اسمبلی نے رکن اسمبلی آمنہ سردار کی پیش کردہ قرارداد منظور کرتے ہوئے بالائی ایبٹ آباد میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی اور ہنگامی فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی ۔ قرارداد کے ذریعے انہوں نے مطالبہ کیا کہ تباہ شدہ سڑکوں کی فوری مرمت اور مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں۔
جمعرات کو جاری ایک بیان کے مطابق آمنہ سردار نے ایوان کو بتایا کہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد لنک روڈز مکمل طور پر منقطع ہو چکے ہیں، جس سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ متاثر ہوا ہے اور لوگوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق تباہ شدہ سڑکوں کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتالوں تک پہنچانا مشکل ہو گیا ہے جبکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ضلعی انتظامیہ نے فنڈز کی کمی کے باعث فوری بحالی سے معذوری ظاہر کی ہے کیونکہ دستیاب وسائل کا بڑا حصہ سیلاب سے متاثرہ دیگر علاقوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ گلیات، لورا اور سرکل بکوٹ سمیت بالائی ایبٹ آباد کے متاثرہ علاقوں کو باضابطہ طور پر آفت زدہ قرار دیا جائے اور بحالی کے لیے ہنگامی فنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں۔قرارداد کی منظوری کے بعد آمنہ سردار نے سرکل بکوٹ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی جمع کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی طویل عرصے سے بنیادی سہولیات کے فقدان کا شکار ہے جبکہ علاقائی انفراسٹرکچر مسلسل زوال پذیر ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ سرکل بکوٹ میں صحت اور تعلیم کے مراکز کی حالت تشویشناک ہے، سڑکیں قابلِ استعمال نہیں رہیں اور انتظامی تقسیم کا مطالبہ بدستور التوا کا شکار ہے۔ متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی نے عوامی بے چینی میں اضافہ کیا ہے۔آمنہ سردار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکل بکوٹ کے مسائل کا فوری جائزہ لے کر ضروری ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں اور مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کے حل کو یقینی بنایا جائے۔








