گندم کے حوالے سے مسائل حل کرنے کیلئے وفاق سے رابطے میں ہیں ،حاجی گلبر خان

105
گندم کے حوالے سے مسائل حل کرنے کیلئے وفاق سے رابطے میں ہیں ،حاجی گلبر خان

گلگت۔24جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گندم کے حوالے سے مسائل حل کرنے کیلئے وفاق سے رابطے میں ہیں ،پوری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے،مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعیت علمائے اسلام گلگت بلتستان کے صوبائی امیر اور سابق مشیر برائے وزیراعظم مولانا عطااللہ شہاب سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گندم کی قیمتوں کے حوالے سے معاملات پر حکومت نے نظر رکھی ہوئی ہے ،حکومت پوری کوشش کررہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے ۔

اس موقع پر مولانا عطااللہ شہاب نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان میں لوگ سخت سردی میں سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں جنھیں سننے اور مسئلے کو احسن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیاکہ مولانا عطااللہ شہاب بلتستان میں احتجاج کرنے والے مظاہرین اور قائدین سے رابطہ قائم کریں گے اور سب مل کر ان مسائل کا پرامن حل نکالیں گے جس کے لئے صوبائی حکومت ہر سطح پر تعاون کرے گی۔انہوں نے مولانا شہاب کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مذاکرات کی ہر پیشکش کو کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے اور ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔