گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ، بدھ مت کے مقدس مقامات کے تحفظ، زائرین کو سہولیات کی فراہمی اور پاکستان کے عالمی تشخص کے فروغ پر اہم تجاویز

گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ، بدھ مت کے مقدس مقامات کے تحفظ، زائرین کو سہولیات کی فراہمی اور پاکستان کے عالمی تشخص کے فروغ پر اہم تجاویز

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ کے تحت موضوعاتی اجلاس جمعرات کو منعقد ہوئے جن میں دنیا بھر سے آئے ممتاز بدھ مت راہبوں، اعلیٰ سرکاری حکام اور ماہرین آثار قدیمہ و ثقافت نے شرکت کی۔ اجلاسوں میں پاکستان کے بدھ مت ورثے کے تحفظ، مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور بدھ مت زائرین کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کے ٹاسک فورس برائے گندھارا کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت نے موضوعاتی اجلاسوں کا آغاز کرتے ہوئے ڈائیلاگ کے اہم مقاصد اور پاکستان کے تاریخی بدھ مت ورثے کو ثقافتی تحفظ، بین الاقوامی روابط اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے موثر انداز میں اجاگر کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

پہلے اجلاس میں آثار قدیمہ کے تحفظ اور تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر غور کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ و عجائب گھر ڈاکٹر عبدالصمد اور پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ ظہیر عباس ملک نے اپنے اپنے صوبوں میں بدھ مت کے تاریخی مقامات، جاری حفاظتی اقدامات اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے شرکا کو آگاہ کیا۔اس موقع پر تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے قانونی و ادارہ جاتی اقدامات، ان کے گردونواح میں تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندیوں اور مقامی آبادی کو ورثے کے تحفظ میں شریک کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ بدھ مت راہبوں نے تاریخی مقامات کے اطراف قدرتی ماحول اور مناظر کے تحفظ، تاریخی واقعات کو کہانیوں اور اینیمیشن کے ذریعے نئی نسل تک پہنچانے اور گندھارا تہذیب کے ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی تجاویز پیش کیں۔

دوسرے موضوعاتی اجلاس میں بدھ مت زائرین کے لیے ویزا سہولیات، انتظامی رابطہ کاری اور پاکستان کے عالمی تشخص کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے ٹاسک فورس کی جانب سے ویزا درخواستوں میں بدھ مت کے لیے الگ کیٹیگری متعارف کرانے، راہبوں اور زائرین کو طویل المدتی ویزے جاری کرنے اور سفارت کاروں و غیر ملکی مسافروں کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی تجاویز زیر غور آئیں۔شرکا نے کسٹمز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خصوصی تربیت اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ پاکستان آنے والے بدھ مت راہبوں اور زائرین کو ان کی مذہبی روایات اور ضروریات کے مطابق سہولیات فراہم کی جا سکیں۔پاکستان کا دورہ کرنے والے بدھ مت راہبوں نے اپنے تجربات کی روشنی میں سفری سہولیات، ویزا کے حصول اور رہائش سے متعلق عملی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ بدھ مت زائرین کے لیے صرف تاریخی مقامات کا مختصر دورہ کافی نہیں بلکہ ایسے مراکز کا قیام بھی ضروری ہے جہاں راہب طویل عرصے تک قیام، عبادت اور مراقبہ کر سکیں۔

اجلاس میں بدھ مت راہبوں کے ذریعے پاکستان کے تاریخی ورثے، مہمان نوازی اور ثقافتی تنوع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے راہب اپنے خطبات، تحریروں اور عالمی مذہبی و علمی روابط کے ذریعے پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر کی بدھ مت برادری تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اجلاس کی ایک اہم تجویز میں بدھ مت راہبوں نے گندھارا کے اہم تاریخی مقامات کو آپس میں ملانے والے بدھ مت امن مارچ کے انعقاد میں دلچسپی ظاہر کی۔ مجوزہ امن مارچ کو بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور مشترکہ ثقافتی ورثے کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا گیا جس کے ذریعے پاکستان کو بدھ مت زائرین کے لیے ایک پرامن، محفوظ اور مہمان نواز ملک کے طور پر متعارف کرایا جا سکے گا۔وزیراعظم کی ٹاسک فورس نے بدھ مت راہبوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور سفارشات کو اپنی جاری حکمت عملی کے لیے اہم قرار دیا۔ ان سفارشات سے پاکستان میں بدھ مت ورثے کے تحفظ، زائرین کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی اور ملک کو عالمی سطح پر بدھ مت زیارت، ثقافتی تبادلے اور بین الاقوامی روابط کے اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں