گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 اختتام پذیر، بدھ مت کے مذہبی رہنمائوں اور عالمی ماہرین کی قومی گندھارا حکمت عملی کے لیے اہم تجاویز

چار روزہ گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 جمعہ کو وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈائیلاگ کے دوران دنیا بھر سے آئے ہوئے بدھ مت کے مذہبی رہنمائوں اور دانشوروں نے پاکستان کی قومی گندھارا حکمت عملی کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔ شرکا نے بدھ مت کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، مقامی …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):چار روزہ گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ 2026 جمعہ کو وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈائیلاگ کے دوران دنیا بھر سے آئے ہوئے بدھ مت کے مذہبی رہنمائوں اور دانشوروں نے پاکستان کی قومی گندھارا حکمت عملی کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔ شرکا نے بدھ مت کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، مقامی آبادی کی شمولیت اور عالمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی بدھ مت کے مذہبی رہنمائوں نے کہا کہ گندھارا کو ایک پائیدار مذہبی اور ثقافتی مرکز بنانے کے لیے بہتر سفری سہولیات، آمدورفت کے نظام، زائرین کے لیے مناسب انتظامات، مراقبے کے مراکز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مذہبی زائرین کی ضروریات عام سیاحوں سے مختلف ہوتی ہیں، اس لیے ان کے لیے سہولیات کی منصوبہ بندی کرتے وقت مذہبی تقاضوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔شرکا نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مقامی آبادی کو گندھارا ورثے سے نہ صرف معاشی فوائد حاصل ہونے چاہئیں بلکہ انہیں ان تاریخی مقامات کی ثقافتی اور روحانی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے تاریخی ورثے پر فخر محسوس کریں۔ بعض مقامات پر تاریخی قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے ماحولیاتی اقدامات کی تجویز بھی پیش کی گئی۔بدھ مت کے مذہبی رہنمائوں نے لائوس اور بنگلہ دیش سمیت بدھ مت کے پیروکاروں کی بڑی آبادی رکھنے والے ممالک کے ساتھ سفارتی روابط اور تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا گندھارا ورثہ جنوبی ایشیا، مشرقی ایشیا، ہمالیائی خطے اور یورپ کی بدھ مت برادریوں کے ساتھ روحانی اور ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔غیر ملکی مندوبین نے حکومت پاکستان کی جانب سے ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سرگرمی نے عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں مثبت آگاہی کو فروغ دیا ہے۔ تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک بدھ راہب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریباً 20 سال سے پاکستان آنے کے خواہش مند تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے بعد ان کے ملک کے بارے میں تصورات میں نمایاں مثبت تبدیلی آئی ہے کیونکہ بیرون ملک پاکستان کے بارے میں معلومات اکثر محدود ہوتی ہیں۔

سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی نے شرکا کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گندھارا کے قیمتی ورثے کا مالک نہیں بلکہ اس کا امین ہے اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مندوبین کی تجاویز اور مذہبی آثار و مقدس ورثے کے تحفظ کے حوالے سے ان کے تجربات پاکستان کے لیے نہایت اہم ہیں۔سیکرٹری نے یقین دلایا کہ مندوبین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو قومی گندھارا حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کے لیے زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ ٹاسک فورس کا مقصد تمام متعلقہ اداروں، محکموں اور شراکت داروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ ورثے کے تحفظ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم و آگاہی، مذہبی زائرین کی سہولت، سکیورٹی اور بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں مربوط اقدامات کیے جا سکیں۔

وزیراعظم کی گندھارا ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت نے کہا کہ گندھارا کو ایک مقدس بدھ مت مذہبی و روحانی مقام کے طور پر متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور مستقبل کے تمام اقدامات میں اس کی مذہبی اہمیت کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے مخصوص ویزا کیٹیگری، راہبوں کے لیے طویل المدتی متعدد داخلوں کے ویزے، این او سی کے طریقہ کار میں آسانی، تاریخی مقامات کے قریب مراقبے اور مطالعاتی مراکز کے قیام اور بین الاقوامی جامعات میں گندھارا کارنرز قائم کرنے کی تجاویز پیش کیں۔انہوں نے عالمی بدھ مت برادری، مقامی آبادی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ گندھارا ورثے کا تحفظ اور پائیدار بنیادوں پر اس کا فروغ یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے کہا کہ چار روزہ ڈائیلاگ نے عالمی مندوبین، مذہبی رہنماؤں، مؤرخین اور ثقافتی ماہرین کو گندھارا کی تاریخی، روحانی اور تہذیبی اہمیت پر تبادلہ خیال کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ گندھارا تہذیب نے بدھ مت کے فلسفے، مجسمہ سازی، فن تعمیر اور مذہبی علوم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور اس کے اثرات ایشیا کی مختلف تہذیبوں تک پھیلے۔انہوں نے سری لنکا، تھائی لینڈ، چین، جاپان، جمہوریہ کوریا، ویتنام، نیپال اور بھوٹان سمیت مختلف ممالک کے ساتھ تاریخی و ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا اور کہا کہ ورثے کے تحفظ، علمی تحقیق اور مذہبی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے۔

اختتامی اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ گندھارا سٹریٹجک ڈائیلاگ عالمی سطح پر موصول ہونے والی تجاویز کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ شرکا نے مسلسل بین الاقوامی تعاون، مقامی آبادی کی شمولیت اور مشترکہ ذمہ داری کے ذریعے گندھارا کے تاریخی، روحانی اور تہذیبی ورثے کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈائیلاگ میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین نے اپنے دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں لوک ورثہ کمپلیکس کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے میوزیم میں محفوظ تاریخی و ثقافتی نوادرات اور پاکستان کی متنوع ثقافتی روایات کو سراہا۔