فیصل آباد۔ 06 نومبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران سڑک کے حادثات میں اضافہ روکنے کیلئے تمام ٹریکٹر ٹرالی مالکان و ڈرائیورز کو ہدائت کی ہے کہ وہ گنے کی لوڈ ٹرالیوں کے پیچھے ریفلیکٹرز لگوائیں تاکہ پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کو مذکورہ ٹریکٹر ٹرالیاں دیکھنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ٹریفک حادثات سے بچاؤ بھی ممکن ہو سکے۔
حکومت پنجاب نے آئی جی پولیس پنجاب، ڈی آئی جی ٹریفک،چیف ٹریفک آفیسرز سٹی ٹریفک پولیس، ڈویژنل ایس پیز ٹریفک اور ڈسٹرکٹ ڈی ایس پیز ٹریفک کے نام جاری مراسلہ میں کہا ہے کہ حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گنے کا کرشنگ سینرن شروع ہوتے ہی اکثر شاہرات پر گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کی آمد ورفت میں اضافہ اور ان ٹریکٹر ٹرالیوں پر گنجائش سے بہت زیادہ گنا لوڈکرنے، گنا ٹرالی سے کئی کئی فٹ باہر تک بھی موجود ہونے، ٹریکٹر ٹرالیوں پر کوئی ریفلیکٹر یا بیک لائٹس نہ ہونے کے باعث ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیورز کو پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کی نقل و حمل نظر نہ آ تی ہے۔
اسی طرح زیادہ لوڈد ٹرالیاں سڑک سے نیچے بھی نہ اتاری جاتی ہیں لہٰذا ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیورز کی غلط ڈرائیونگ سے سڑک کے حادثات میں اضافہ ہو جاتا ہے جس سے کئی قیمتی جانیں ضائع اورمالی نقصان کی اطلاعات بھی ملتی ہیں۔ انہوں نے شوگر ملز مالکان سمیت کنڈا مالکان کو بھی ہدائت کی کہ وہ ٹریفک کے حادثات سے بچاؤ کیلئے ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیورز کو ریفلیکٹر لگانے کی ترغیب دیں۔
انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور ز میں شعور بیدار کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔علاوہ ازیں ٹریفک پولیس کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ ڈرائیورز کو ریفلیکٹر لگوانے کی ترغیب دیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔