گوادر اور تربت میں تیز آندھی اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ لوگوں کی فوری مددکی جائے ، نگران صوبائی وزیر داخلہ کی ہدایت

17

کوئٹہ۔ 28 فروری (اے پی پی):نگران وزیر داخلہ بلوچستان میر زبیر جمالی نے گوادر اور تربت میں تیز آندھی اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہےمشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مددکی جائے گی۔ نگران صوبائی وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر گوادر ،ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان اور متعلقہ ڈویڑنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کرکے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں بغیر کسی تاخیر کے شروع کی جائیں، متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس مقصد کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، نگران صوبائی وزیر داخلہ نے محکمہ صحت کے حکام کو بھی متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور ان حادثات کے زخمیوں کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔ محمد زبیر جمالی نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے اور متاثرین کو ریلیف اور امداد کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات ا ٹھائے جائیں گے۔