گوجرانوالہ ،نرسری وارڈ، او پی ڈی، فارمیسی، ایمرجنسی کا معائنہ،مریض بچوں کو معیاری طبی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں، ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں مریض بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی و صحت کی سہولیات، فائر سیفٹی انتظامات، ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور دیگر حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا

گوجرانوالہ ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں مریض بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی و صحت کی سہولیات، فائر سیفٹی انتظامات، ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور دیگر حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نےہسپتال کے نرسری وارڈ، او پی ڈی، فارمیسی، ایمرجنسی اور دیگر مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے وارڈز میں صفائی ستھرائی، مریض بچوں کے علاج معالجے، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے مریضوں کی تعداد، علاج معالجے کے طریقہ کار اور دستیاب طبی سہولیات کے حوالے سے بھی بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریض بچوں کو بروقت، معیاری اور بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے علاج معالجے کے لیے تمام ضروری ادویات، طبی آلات اور دیگر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے جبکہ ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملے کی حاضری اور ڈیوٹی روسٹر پر بھی مؤثر نگرانی کی جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے، وارڈز اور دیگر شعبہ جات میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد اور مریضوں و لواحقین کے لیے مناسب سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور علاج معالجے کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔