ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد نے ضلع وزیرآباد کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر میں صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، شہری خوبصورتی اور جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ بھی ہمراہ تھے
گوجرانوالہ ،گرین بیلٹس کی بحالی، سڑکوں کی مرمت اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں کا معائنہ

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد نے ضلع وزیرآباد کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر میں صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، شہری خوبصورتی اور جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ روڈ پر زیرِ تعمیر بابِ وزیرآباد کا معائنہ کیا، جہاں منصوبے پر کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے انہیں تعمیراتی کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق معیاری انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ شہر کے داخلی راستے کو خوبصورت اور دیدہ زیب بنایا جا سکے۔ انہوں نے سیالکوٹ روڈ پر واقع الرشید گارڈن کا دورہ بھی کیا اور بیوٹیفکیشن ماڈل، پارک، گرین ایریاز اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے لاڈو پلی وزیرآباد کا معائنہ کرتے ہوئے گرین بیلٹس، نئے مانومنٹس کی تعمیر اور شہر کی تاریخی و ثقافتی خوبصورتی اجاگر کرنے کے لیے پینٹنگز کی تنصیب کے کاموں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خوبصورت پنجاب ویژن کے تحت جاری تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور گرین بیلٹس سمیت خوبصورتی کے مقامات کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے جی ٹی روڈ وزیرآباد پر پیچ ورک، سڑکوں کی مرمت اور گرین بیلٹس کی بحالی کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شاہراہوں کی خوبصورتی کے لیے جاری اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے سڑک پر سیوریج کا پانی پھینکنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ شہری کو تنبیہ کی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کرنے کی تلقین کی، تاکہ عوامی گزرگاہوں کو گندا ہونے سے بچایا جا سکے اور شہری ماحول صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اس موقع پر کہا کہ شہر کی صفائی، تجاوزات کا خاتمہ، بہتر نکاسی آب اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی و تزئینی کاموں کے معیار اور رفتار پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ وزیرآباد کو صاف، خوبصورت اور شہریوں کے لیے بہتر سہولیات سے آراستہ شہر بنایا جا سکے۔








