گوجرانوالہ۔ 13 اپریل (اے پی پی):ریسکیو 1122 نے عیدالفطر کے ایام میں978ایمرجنسیز پر ریسپانس کیا،ان میں 347روڈ ٹریفک حادثات، 521میڈیکل ایمرجنسی، 15فائر ایمرجنسی، 37کرائم کیس اور 58متفرق ایمرجنسیز تھیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرگوجرانوالہ میاں رفعت ضیا نے عیدالفطر کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 نے بروقت ریسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 937لوگوں کو ریسکیو کیا جن میں 468 افراد کو جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور 469مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ روڈ ٹریفک حادثات میں 1شخص موقع پرجاں بحق ہوا ،تمام ایمرجنسیز کا اوسط رسپانس ٹائم 8.38منٹ رہا اور پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ایک ہسپتال سے دوسرے اپ گریڈڈ ہسپتال میں62مریضوں کو شفٹ کیا۔
اسکے علاوہ موٹر بائیک ایمبولینس سروس نے 405ایمرجنسیز پر رسپانس کیا۔دریں اثناء ڈوبنے جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے دریائے چناب اور اپر چناب کنال پر ریسکیوآبزور پوسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جن میں رتہ جہال،فریدٹائون، فیروز والہ، ماسٹر سٹی پل، کنگز مال، سٹی ہاسنگ اوردریائے چناب میں وزیر آباد اورہیڈ خانکی کے علاقے شامل ہیں،ان پوسٹوں پر ریسکیو اہلکاروں کے علاوہ ریسکیورضاکار بھی تعینات تھے، جنہوں نے سیرو تفریح کیلئے آئے لوگوں کودریا اور نہرکے پاس بیٹھنے، کشتی میں سواری کرنے والے افراد کوڈوبنے سے متعلق آگاہی دی۔