گوجرانوالہ پولیس کی کارروائی، میاں بیوی سمیت تین ملزمان گرفتار ،114کلومنشیات اورنقدی برآمد

129
Arrested
Arrested

گوجرانوالہ۔ 19 اگست (اے پی پی):گوجرانوالہ پولیس نے میاں بیوی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے114کلومنشیات اور نقدی برآمدکر لی۔ ایس ایچ اوتھانہ اروپ سب انسپکٹرزبیرسیال اوران کی پولیس ٹیم نے دوران گشت وناکہ بندی اورتلاشی کے دوران منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث میاں بیوی یوسف اورفہمیدہ بی بی کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے104کلو سے زائد منشیا ت اور3لاکھ سے زائد نقدی برآمد کر لی۔قبضہ میں لی گئی منشیا ت میں پانچ کلوسات سوساٹھ گرام آئس ،23 کلو چھ سو ستر گرام چرس ،ستائیس کلو نو سو پچاس گرام ہیروئن اور سینتالیس کلو پانچ سوسترگرام افیون شامل ہے۔

دریں اثنا ڈی ایس پی کوتوالی حافظ امتیاز کی زیرنگرانی ایس ایچ اوتھانہ باغبانپورہ سب انسپکٹر محمد افضل و دیگران پر مشتمل پولیس ٹیم نے دوران گشت و ناکہ بندی منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ملزم کبیر کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضہ سے دس کلوآٹھ سو گرام چرس برآمد کر لی۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسرمحمد ایاز سلیم نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ضلعی پولیس کی تندہی سے انجام دی جانے والی کو ششیں قابل ستائش ہیں۔ریکارڈ تعداد میں منشیات فروشوں کی گرفتاری اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات کی برآمدگی قابل تعریف ہے۔سی پی او نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے ایس ایچ او تھانہ اروپ سب انسپکٹر زبیر سیال اور انکی پولیس ٹیم’ ایس ایچ او تھانہ باغبانپورہ محمد افضل اور انکی پولیس ٹیم کو شاباش دی ۔