فیصل آباد۔26اپریل (اے پی پی): گوجرہ کےچک 279 دھرم پورہ کے قریب پینسرہ روڈ پر بدھ کی صبح تیز رفتارمسافر ہائی ایس ویگن اور ٹرک کے درمیان تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں کو آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں 7 افراد جاں بحق اور13 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 11 مرد اور2 عورتیں شامل ہیں جنہیں پہلے قریبی ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ اور اسحاق ہسپتال پینسرہ منتقل کیا گیامگر بعدازاں وہاں سے 7 شدید زخمیوں کوتشویشناک حالت کے باعث الائیڈ فیصل آباد منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ عینی شاہدین کے مطابق مسافر ہائی ایس ویگن گوجرہ سے پینسرہ کی طرف جارہی تھی جبکہ منی مزدا ٹرک پینسرہ سے گوجرہ کی طرف آرہا تھا کہ منی مزدا ٹرک کے ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے منی مزدا ٹرک بے قابو ہوکر زوردار دھماکہ سے تیز رفتار ہائی ایس ویگن کے ساتھ جاٹکرایا اور دونوں میں آگ لگ گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کے فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی اور 4 جلی ہوئی نعشوں کو ہائی ایس سے نکالا جبکہ ایک جلی ہوئی نعش کو منی مزدا سے نکالاگیا نیز2مسافر ہیڈ انجری کی وجہ سے جاں بحق ہوئے جن کو مقامی لوگوں نے باہر نکالا اس طرح کل 7 افرادموقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 13 زخمی افراد کو قریبی ٹی ایچ کیوہسپتال گوجرہ اور اسحاق ہسپتال پینسرہ میں شفٹ کیا گیا ۔ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ جلی ہوئی لاشوں اور شدید زخمیوں کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لاشوں کو بھی ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کردیا گیا ہے۔