کراچی۔ 28 نومبر (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستانی عوام متحدہ عرب امارات سے جذباتی لگائو رکھتی ہے ،یو اے ای کے قومی دن پر پریس کلب چوک ( فوارہ چوک ) میں شاندار تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور پرچم لہرائے گئے ۔
اس مو قع پر گورنرسندھ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی عوام کو مبار ک باد پیش کرتاہوں ،متحدہ عرب امارات سے دیرینہ تعلقات ہیں۔ پاکستانی عوام متحدہ عرب امارات سے جذباتی لگائو رکھتی ہے اس لئے ان کی خوشیاں بھی ساتھ منارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم آپس میں محبت کے ساتھ خلوص کا اظہار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عرب امارات کی خوشیوں میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔تقریب میں گورنرسندھ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کے ہمراہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم جنہوں نے ہاتھوں میں دونوں ممالک کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے ۔