کراچی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے نگراں وفاقی وزیر کامرس اینڈ انڈسٹریز و ٹیکسٹائل گوہر اعجاز کے ہمراہ صنعت کاروں کے وفد سے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں صنعتوں کو بجلی،گیس اور پانی کی مسلسل فراہمی، بجلی کے نرخوں میں کمی کے اقدامات،بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے برآمدی صنعتوں کے فروغ اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے لئے کراچی آنے پر ڈاکٹر گوہر اعجاز کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وفاقی حکومت،کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے،صنعتوں کو گیس،بجلی اور پانی کی مسلسل فراہمی کے لئے متعلقہ وزارتوں سے رابطہ میں ہوں۔نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے مختلف کاروبار کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے،ان کے مسائل کے حل کے لئے نگراں وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنرسندھ کی دعوت پر آپ کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے کراچی آیا ہوں،جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے وہ نگراں وزیراعظم کے علم میں لاؤں گا۔