گورنرگلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کی منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس سے ملاقات

82

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):گورنرگلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس سے ملاقات کی۔ بیت المال کے صدر دفتر میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کے محروم اور پسماندہ طبقات کی بحالی اور دادرسی کے حوالے سے اقدامات زیر غور آئے۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے ملک بھر کے مستحق افراد کو ان کا حق دینے کے عزم کو دہراتے ہوئے گلگت بلتستان کی عوام کے غربت سے وابستہ مسائل کے ہر ممکن حل کی یقین دہانی کرائی۔ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے ادارے کی طرف سے جاری ان منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کیا جن کی مدد سے گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے غریب افراد کو سماجی تحفظ کے میدان میں مستفید کیا جارہا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں احساس پروگرام کے تحت گلگت بلتستان میں پناہ گاہیں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے آغاز کا فیصلہ بھی ہوا۔گورنر گلگت بلتستان نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کے جذبہ خدمت انسانی کو سراہتے ہوئے اس امید کی اظہار کیا ان کی محنت اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان بیت المال عوامی خدمت کے میدان میں بے مثال کامیابیاں سمیٹے گا۔