کراچی۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دیوالی نئے سال کی آمد سے پہلے بین الاقوامی سطح پر منائے جانے والے تہواروں میں سے ایک تہوار ہے جو ہندو برادری کے لئے خوشی ، محبت اور مسرت کی علامت سمجھا جاتا ہے،آج دیوالی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارک باددیتاہوں۔گورنر ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں منعقدہ دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرل، ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں شریک بین الاقوامی فنکار اورمسٹر یونیورس مقابلہ میں 44 ممالک کے تن سازوں کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتنے والے رمیز ابراہیم بھی شریک تھے۔ تقریب میں ہندو برادری کے رہنمائوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں گورنرسندھ نے ہندوبرادری کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔گورنرسندھ نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ خوشیوں،محبت اور مسرت سے بھرا تہوار بہت بہت مبارک ہو ، ہمیشہ اسی طرح خوشیاں مناتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک گلدستہ ہے ہم سب اس کے خوبصورت پھول ہیں اس گلدستہ سے ہمیشہ خوشبو مہکتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔اقلیتیں بالخصوص ہندو برادری قومی ترقی میں شانہ بشانہ ساتھ ہے ان کے اس کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والا ہر فرد چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہوں اس ریاست کا باشندہ ہے اور ریاست کی نظر میں سب برابر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم سب اس عہد کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق روا نہیں رکھی جائے گی۔
تقریب میں گورنر سندھ نے رمیز ابراہیم کو گولڈ میڈل اورورلڈ کلچر فیسٹیول میں شریک تمام بین الاقوامی فنکاروں کو شال، جناح کیپ اور میڈلز بھی دیئے۔مسٹر یونیورس گولڈ میڈلسٹ رمیز ابراہیم نے اپنا گولڈ میڈل گورنر سندھ کے نام سے منسوب کر دیا۔اس موقع پر گولڈ میڈلسٹ رمیز ابراہیم نے کہا کہ گورنر کامران خان ٹیسوری نے مجھے حوصلہ اور ہمت دی۔