اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےیونیورسٹی آف سنڈر لینڈ کے ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر جیمز سکاٹ نے گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر روٹس انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کے سی ای او ولید مشتاق اور ادارے کی اعلیٰ انتظامیہ بھی موجود تھی۔ ملاقات میں پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور بین الاقوامی تعلیمی روابط کے نئے راستے ہموار کرنے پر …
گورنر خیبرپختونخوا سےیونیورسٹی آف سنڈر لینڈ کے ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر جیمز سکاٹ کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےیونیورسٹی آف سنڈر لینڈ کے ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر جیمز سکاٹ نے گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر روٹس انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کے سی ای او ولید مشتاق اور ادارے کی اعلیٰ انتظامیہ بھی موجود تھی۔ ملاقات میں پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور بین الاقوامی تعلیمی روابط کے نئے راستے ہموار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے تعلیمی تعاون کے مختلف پہلوئوں، بین الاقوامی ڈگری پروگرامز کی توسیع اور یونیورسٹی آف سنڈر لینڈ کی پاکستان میں ممکنہ موجودگی پر تفصیلی گفتگو کی۔
ڈاکٹر جیمز سکاٹ نے یونیورسٹی کے عالمی معیار، تعلیمی اہلیت اور مستقبل میں پاکستان میں ادارے کی سرگرمیوں کے لیے ضروری تقاضوں پر بریفنگ دی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےکہا کہ پاکستان میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان باصلاحیت ہیں لیکن وسائل کی کمی، سہولیات کا فقدان اور ماضی کی بدامنی کے باعث صوبے کا بے پناہ ٹیلنٹ پوری طرح سامنے نہیں آ سکا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ نوجوان آبادی خیبرپختونخوا میں ہے، اس لیے صوبے میں اعلیٰ اور بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات کا فروغ قومی ترقی و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے یونیورسٹی آف سنڈر لینڈ اور ملینئم ایجوکیشن نیٹ ورک کے حکام سے مطالبہ کیا کہ صوبے میں ادارے کے تعلیمی نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جائے، خصوصاً ڈی آئی خان اور مالاکنڈ جیسے علاقوں میں نئے مراکز اور ٹرانس نیشنل پروگرامز کے قیام پر غور کیا جائے۔
وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو پاکستان میں جاری منصوبوں، صوبے میں مستقبل کی توسیعی حکمتِ عملی اور نئے کیمپسز کے قیام کے حوالے سے جاری مشاورت سے آگاہ کیا۔








