پشاور۔ 18 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایمبیسیڈر آف رشیئن ایجوکیشن اینڈ سائنس ان پاکستان اور صدر کرغستان ٹریڈ ہاؤس ڈاکٹر شاہد حسن اور انجنیئر افتخار علی پر مشتمل دو رکنی وفد نے گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی تعاون اور تجارتی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر شاہد نے روس اور کرغستان کی جامعات میں پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع، اسکالرشپس، اور تحقیقی پروگراموں پر روشنی ڈالی
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں سے روابط بڑھا کر خیبرپختونخوا کی جامعات اور طلبہ کے لیے نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے نوجوان خصوصی توجہ کے مستحق ہیں وہاں مایوسی کے پھیلاؤ کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی سفیر اور سفارتخانہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالہ سے بھرپور محبت کررہے ہیں کرم متاثرین کے لیئے بھی روسی سفیر کی کوششوں سے امداد بھجوائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ روس اور اس سے ملحقہ ریاستیں ہمارے کاروبار کے فروغ کے لیئے انتہائی مفید ہیں ۔
انہوں نے کرغستان ٹریڈ ہاؤس کے ذریعے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی تجویز کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے گورنر ہاؤس کا بھرپور تعاون میسر ہے ۔