گورنر خیبرپختونخوا سے تابانی گروپ اور شینڈونگ ہائی سپیڈ گروپ کے وفد کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے تابانی گروپ اور شینڈونگ ہائی سپیڈ گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں حمزہ تابانی ستارہ امتیاز، چیئرمین تابانی گروپ، حاتم تابانی ایگزیکٹو ڈائریکٹر تابانی گروپ، شو شیانگ چیئرمین شینڈونگ ہائی سپیڈ گروپ اور وانگ ژین رونگ کنٹری ڈائریکٹر شامل تھے۔

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے تابانی گروپ اور شینڈونگ ہائی سپیڈ گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں حمزہ تابانی ستارہ امتیاز، چیئرمین تابانی گروپ، حاتم تابانی ایگزیکٹو ڈائریکٹر تابانی گروپ، شو شیانگ چیئرمین شینڈونگ ہائی سپیڈ گروپ اور وانگ ژین رونگ کنٹری ڈائریکٹر شامل تھے۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع، بنیادی ڈھانچے، توانائی، معدنیات اور اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل،معدنی ذخائر، پن بجلی کی بے پناہ صلاحیت اورجغرافیائی اہمیت کے باعث سرمایہ کاری کے لیے انتہائی موزوں صوبہ ہے۔ انہوں نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں خصوصاً چینی سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وفاق کے نمائندے کے طور پر وہ یقین دلاتے ہیں کہ وفاقی حکومت اور سکیورٹی ادارے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنے منصوبے شروع کر سکیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ اور قابل اعتماد دوست ہے اور چینی کمپنیاں خیبرپختونخوا میں ہائیڈل پاور منصوبوں میں اہم سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری قیادت میں چند روز قبل خیبرپختونخوا کی تمام سیاسی جماعتوں کی پارلیمانی قیادت اور سپیکر صوبائی اسمبلی نے بھی چینی سفیر سے ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ اور چینی منصوبوں کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی ہےجو اس امر کا ثبوت ہے کہ تمام سیاسی قوتیں چینی سرمایہ کاری کے فروغ پر متفق ہیں۔گورنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ چینی حکومت اور سرمایہ کارخیبرپختونخوا کی مائنز اینڈ منرلز انڈسٹری میں بھی سرمایہ کاری کریں گے کیونکہ صوبہ معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری سے نہ صرف صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور موثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔وفد نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔