گورنر خیبرپختونخوا سے ضلع مہمند کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

35

پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنماء اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر عالم زیب مہمند کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔ وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو بتایا کہ ضلع مہمند کے 25 دیہاتوں کو فاٹا انضمام کے نتیجہ میں ضلع مہمند، چارسدہ اور ضلع پشاور میں تقسیم کیا گیا ، کئی سالوں سے ہم ترقیاتی کاموں سے محروم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم منصوبہ کا آغاز کیا جائے ، یہ کام ایف ڈبلیو او کی نگرانی میں دیا جائے ، منصوبہ میں مقامی آبادی کے روزگار کو مدنظر رکھا جائے ۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ تحصیل خوراذئی بایزئی منصوبہ کو شروع کیا جائے اور مہمند میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈز کی بندش سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جائے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وسائل صوبوں کو منتقل ہوچکے ہیں تاہم گورنر ہاؤس کی جانب سے وفاقی محکمہ جات سے متعلق مسائل کے حل میں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے وفد کے مسائل سے متعلق متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔