گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی مبارک زیب خان کی قیادت میں وفد کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی مبارک زیب خان کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، نوجوانوں کے کردار، صوبے کے مثبت تشخص اور ملکی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی مبارک زیب خان کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، نوجوانوں کے کردار، صوبے کے مثبت تشخص اور ملکی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مبارک زیب خان اور ان کے خاندان کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کیلئے قربانیاں دینے والے خاندان قومی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے اور خیبرپختونخوا کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔گورنر کے پی نے کہا کہ آج کا نوجوان تعلیم، شعور، مثبت سوچ اور جدید مہارتوں کے ذریعے نہ صرف ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا کا مثبت اور پرامن تشخص بھی اجاگر کرسکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور صوبے کی ثقافت، سیاحت، روایات اور صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے مثبت انداز میں پیش کریں۔ اس موقع پر معاونِ خصوصی مبارک زیب خان نے یوتھ انگیجمنٹ اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے گورنر فیصل کریم کنڈی کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے مؤثر کردار ادا کررہے ہیں۔