اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمینلن نے ملاقات کی اور خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔ ملاقات کے دوران اطالوی سفیر نے اپنےحالیہ دورہ پشاور کی مصروفیات سے متعلق گورنر خیبر پختونخوا کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر سیاحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ بارڈر مینجمنٹ، منشیات کی روک تھام، دہشت گردی کے خاتمہ سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال دیگر صوبوں سے مختلف ہے، دہشت گردی کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا اس وقت ماحولیاتی تبدیلی کے شدید خطرہ سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ سپین کے دوران ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کلاؤڈ برسٹ ایک ایسا معاملہ ہے جس کی ابتدائی معلومات کی فراہمی کا ابھی تک کوئی میکنزم تیار نہیں ہو سکا، پاکستان کی طرح اٹلی کو بھی موسمیاتی تبدیلی کےچیلنجز کا سامنا ہے۔ ملاقات کے دوران اطالوی سفیر نے پاکستان سے اٹلی میں ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کی خواہش کا اظہار کیا۔ گورنر کے پی کے نے کہا کہ نیوٹیک، ٹیوٹا کے ذریعے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے ہنرمند افرادی قوت تیار کی جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے دنیا کو بہترین ہنرمند افرادی قوت فراہم کر سکیں، نوجوانوں پر سرمایہ کاری اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔