بارسلونا ۔26اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بارسلونا میں کاتالونیا پارلیمنٹ کا دورہ کیا اور کاتالونیا پارلیمنٹ کے ارکان اسمبلی البرتو بوندیسو (ترجمان خارجہ امور کمیٹی) اور ارنستو کاریون سے ملاقات کی۔ یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں جمہوری نظام میں پارلیمنٹ کے کلیدی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری ادارے ہی عوامی مسائل کا حقیقی حل فراہم کر سکتے ہیں اور پارلیمنٹ کسی بھی ملک کی سیاسی و عوامی طاقت کا مرکز ہوتی ہے۔اس موقع پر پاکستان اور کاتالونیا کے درمیان عوامی روابط بڑھانے، جمہوری اقدار کے فروغ اور پارلیمانی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پشاور اور بار سلونا کو سسٹر سٹی کا درجہ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے گورنر بار سلونا کو پشاور دورہ کی بھی دعوت دی اور یادگاری سوینیئر پیش کیا ۔ویلفیئر کونسلر چوہدری سالک گوندل، پاک فیڈریشن اسپین کے صدر فیض اللہ ساہی، سوشلسٹ پارٹی کے سینئر رہنما اور پاک فیڈریشن کے سینئر نائب صدر حافظ عبدالرزاق صادق، جنرل سیکرٹری راجہ مختار سونی، فنانس سیکرٹری پرویز اختر جانی، چیئرمین امور کشمیر ملک شریف، ڈپٹی اسپیکر ایاز عباسی، کشمیر کونسل یورپ کے سید علی رضا، سینئر صحافی محسن رضا، نوجوان صحافی علی فرقان، اسد نواز اور پروفیسر طاہر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔