پشاور۔ 18 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روزعالمی یومِ کسان کے موقع پر پاکستان کے محنتی کسانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کسان ملکی معیشت، غذائی خودکفالت اور دیہی ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں۔گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق گورنر نے کہا کہ زراعت پاکستان کے کروڑوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ اور قومی ترقی کا ایک …
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا عالمی یومِ کسان کے موقع پر پاکستان کے محنتی کسانوں کو زبردست خراجِ تحسین
پشاور۔ 18 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روزعالمی یومِ کسان کے موقع پر پاکستان کے محنتی کسانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کسان ملکی معیشت، غذائی خودکفالت اور دیہی ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں۔گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق گورنر نے کہا کہ زراعت پاکستان کے کروڑوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ اور قومی ترقی کا ایک اہم ستون ہے۔
کسان دن رات محنت کرکے نہ صرف ملک کی غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ قومی معیشت کو بھی سہارا دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اس وقت پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلیوں اور زرعی لاگت میں اضافے جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے مربوط اور دیرپا پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کسانوں کی فلاح، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور منڈیوں تک بہتر رسائی کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں،خیبرپختونخوا میں زراعت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں چشمہ لفٹ کینال منصوبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، اس منصوبہ سے ڈیرہ اسماعیل خان صرف صوبہ ہی نہیں بلکہ ملک میں خوراک کی کمی کے مسئلہ پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ زرعی شعبے کی مضبوطی سے ہی پاکستان میں غذائی تحفظ، پائیدار ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے زراعت کے شعبے کو مزید مستحکم کرنے اور کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار خیبرپختونخوا میں کسان ایوارڈ کی تقریب کا گورنر ہائوس میں انعقاد کیا جارہا ہے۔









