گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا نیشنل انکیوبیشن سنٹر پشاور کا دورہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کے روز نیشنل انکیوبیشن سنٹر پشاور کا دورہ کیا۔

پشاور۔ 24 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کے روز نیشنل انکیوبیشن سنٹر پشاور کا دورہ کیا۔

گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی عاصم اسحاق خان نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے نیشنل انکیوبیشن سنٹر میں سٹارٹ اپس کے سٹالز کا معائنہ کیا۔ گورنر نے نوجوان انٹرپرینیورز کے تیار کردہ مصنوعات اور جدید آئیڈیاز کو سراہا۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چارصوبوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، مستقبل آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کا ہے، ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اور شمالی اضلاع میں نیشنل انکیوبیشن سنٹرز قائم ہونے چاہئیں،نوجوانوں میں سرمایہ کاری کے لیے صوبائی حکومت اور بینکوں کے درمیان مؤثر روابط ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جدید آئی ٹی لیبارٹریز قائم کی جانی چاہئیں،نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس نیشنل انکیوبیشن سنٹر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے،ہم سب نے مل کر خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے،نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایسی ایپ تیار ہونی چاہیے جو نوجوانوں اور کمپنیوں کو ایک دوسرے کے قریب لائے۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں ہر جماعت کو قانون کے دائرے میں جلسہ جلوس کرنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ سٹیڈیم کو سیاسی جلسوں کے بجائے کھیلوں کے لیے مختص رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی آؤٹ سورسنگ کا حامی نہیں،اگر کوئی ادارہ بہتر انداز میں چلانے کے لیے اچھی کمپنی دستیاب ہو تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں