پشاور۔ 18 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک خاتون کا نقاب زبردستی کھینچے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق، شخصی آزادی اور آزادیِ اظہار پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔گورنر ہاوس پشاور کے تر جمان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کا اصل چہرہ …
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے خاتون کا نقاب زبردستی کھینچے جانے کے واقعہ کی مذمت
پشاور۔ 18 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک خاتون کا نقاب زبردستی کھینچے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق، شخصی آزادی اور آزادیِ اظہار پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔گورنر ہاوس پشاور کے تر جمان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتا ہے، جہاں خواتین کے وقار، مذہبی آزادی اور شخصی حقوق کو سرِعام پامال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایسا رویہ محض ایک فرد کا عمل نہیں بلکہ ریاستی پالیسی اور سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نقاب کسی بھی خاتون کا ذاتی اور مذہبی حق ہے، جسے زبردستی چھیننا بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں اور جمہوری اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلاتا ہے، مگر عملی طور پر وہاں اقلیتوں اور خواتین کی آزادیوں کو مسلسل دبایا جا رہا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر خاموشی توڑیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر انسانی وقار، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی آواز بلند کرتا رہے گا اور ایسے واقعات کی ہمیشہ مذمت کرتا رہے گا۔









