بارسلونا ۔26اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کُنڈی نے اپنے وفد کے ہمراہ گورنر بارسلونا ماری کارمین گارسیا سے گورنر ہائوس بارسلونا میں ملاقات کی۔ وفد میں قونصل جنرل آف پاکستان بارسلونا مراد علی وزیر، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی چوہدری سالک گوندل، پاک فیڈریشن اسپین کے سینئر نائب صدر حافظ عبدالرزاق صادق، ڈپٹی اسپیکر ایاز عباسی سینئر صحافی محسن رضا ، امریکہ سے فصیح حیدر ، بیلجئیم سے کشمیر کونسل کے سربراہ سید علی رضا اور سینئر صحافی علی فرقان شامل تھے۔
یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں اور متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا بالخصوص پاکستان اور خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کُنڈی نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی عالمی مسئلہ ہے جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ، ملاقات میں خیبرپختونخوا میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی اور اس ضمن میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔