گورنر خیبرپختونخوا کی چینی انجنیئرز کے قافلے پر دہشتگرد حملہ کی شدید مذمت

113
Faisal Karim Kundi

پشاور۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کراچی میں چینی انجینئرز کے قافلے پر دہشتگردانہ حملہ کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکہ میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعہ پر اپنی طرف سے خیبرپختونخوا اور ملک بھر کے عوام کی جانب سے چینی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

گورنر نے دھماکہ میں چینی انجینئر سمیت مقامی زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ اپنے مذمتی بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دھماکہ میں ہلاک ہونے والے چینی باشندوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،چینی قافلے پر حملہ پاک چین لازوال دوستی کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام متاثرہ چینی خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،دھماکہ میں ملوث انسانیت و پاکستان دشمنوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔