پشاور۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں نے موجودہ دور کے طبی چیلینجز کا سامنا کرنا ہے، بیماریوں کی تشخیص و علاج معالجہ میں دنیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کے 8ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ و اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ والدین نے سختیاں و مشکلات برداشت کر کے اپنے بچوں کو میڈیکل کی تعلیم دلوائی ہے جس پر والدین کو مبارکبادپیش کرتا ہوں۔ حاجی غلام علی نے کہا کہ ایوب میڈیکل کالج نہ صرف ایک خوبصورت ادارہ ہے بلکہ مایہ ناز قابل فیکلٹی بھی یہاں موجود ہے جو کہ متاثر کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنا سب سے افضل کام ہے، میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں،
میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں نے موجودہ دور کے طبی چیلینجز کا سامنا کرنا ہے، میڈیکل میں تحقیق و نئی ایجادات سے آگے بڑھنا ہو گا، بیماریوں کی تشخیص و علاج معالجہ میں دنیا کا مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر زیادہ سے زیادہ وسائل خرچ کر رہی ہیں، حکومتیں وسائل خرچ کر رہی ہیں تو مطلوبہ نتائج بھی نظر آنے چاہئیں، ہسپتالوں میں بہترین سستا علاج معالجہ اور تعلیمی اداروں سے بہترین نتائج صحت و تعلیم کے شعبوں کی کامیابی سمجھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے ساتھ اپنے رویوں میں اخلاق، شائستگی کو لازمی جزو بنانا ہے،
میڈیکل سمیت ہر ایک پیشہ میں محنت و دیانتداری سے کام لینا چاہئے، اپنے پیشہ سے ایمانداری اور لگن کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کی تمام شعبوں غریب و امیر کا فرق ختم کریں، میڈیکل کے شعبہ سمیت تمام شعبوں میں غریب و متوسط طبقہ کو تمام مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔