گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کے ہمراہ گورنر ہائوس سے متصل پریس میوزیم کا دورہ کیا اور میوزیم میں محفوظ صحافت و طباعت کے تاریخی ورثے کا جائزہ لیا۔بدھ کو گورنر ہائو س سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے میوزیم میں موجود نادر و نایاب پرنٹنگ مشینوں، سیاہی کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات اور دیگر …
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا صوبائی وزیر صنعت و تجارت کے ہمراہ پریس میوزیم کا دورہ

مزید خبریں
کراچی۔ 09 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کے ہمراہ گورنر ہائوس سے متصل پریس میوزیم کا دورہ کیا اور میوزیم میں محفوظ صحافت و طباعت کے تاریخی ورثے کا جائزہ لیا۔بدھ کو گورنر ہائو س سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے میوزیم میں موجود نادر و نایاب پرنٹنگ مشینوں، سیاہی کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات اور دیگر تاریخی اشیاء کا معائنہ کیا۔ انہوں نے قدیم دور میں پرنٹنگ کے طریقہ کار، اس کے مختلف مراحل اور اس حوالے سے موجود تاریخی تصاویر و معلومات کا بھی بغور جائزہ لیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کاغذ کے ارتقا، قدیم سے جدید دور تک اس کے سفر اور پریس میوزیم کے اغراض و مقاصد پر مبنی معلوماتی ڈاکیومنٹری بھی دیکھی۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے 1843میں اس تاریخی پرنٹنگ پریس کی تعمیر کروائی تھی۔گورنر سندھ نے میوزیم میں موجود قدیم پرنٹنگ مشین پر اپنے ہاتھوں سے پرنٹنگ کا عملی تجربہ بھی کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ تاریخ سے جڑے رہنے والے افراد مستقبل میں بہتر انداز سے کامیابی حاصل کرتے ہیں، ہمیں اپنی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے فیصلے کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پریس میوزیم میں صحافت اور طباعت کی تاریخ کو محفوظ کیا گیا ہے، جو نئی نسل کو ماضی کے اہم ادوار اور صحافت و طباعت کے پیشہ ورانہ ارتقا سے آگاہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
تاریخی ورثے کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں اپنے ماضی اور اس کے تجربات سے آگاہ رہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے مطالعاتی دوروں سے انہیں صحافت اور پرنٹنگ پریس کی تاریخ کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ ایسے معلوماتی مراکز نوجوان نسل کی علمی و فکری تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ قبل ازیں، پریس میوزیم آمد پر انچارج نے گورنر سندھ اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت کو میوزیم کے اغراض و مقاصد اور یہاں محفوظ تاریخی نوادرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا کہ پریس میوزیم عوام کے لیے کھلا ہے، جبکہ مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات بھی میوزیم کے مطالعاتی دورے کرتے ہیں۔ طلبہ کو پرنٹنگ پریس کی تاریخ، قدیم مشینوں، ان کے استعمال اور طباعت کے دیگر آلات کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پریس میوزیم صحافت اور طباعت کی تاریخ محفوظ رکھنے کا اہم مرکز ہے۔ ایسے تاریخی ورثے سے نئی نسل کو روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پریس میوزیم کے دورے کے موقع پر گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔







