کراچی۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی برطانیہ کی، ڈپٹی ہائی کمشنر سارا مونی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاک برطانیہ اقتصادی تعلقات،صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مزید تعاون،صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ کے سماجی شعبہ کی ترقی میں برطانیہ کا اہم کردار ہے صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے سازگار مواقع موجود ہیں، برطانوی سرمایہ کار ان سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں، سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے،برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستانی نژاد شہری برطانیہ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں بعد اذاں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کے ہمراہ برطانیہ کی ہائی کمشنر نے امید کی گھنٹی بجائی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے امید کی گھنٹی کو گورنر سندھ کا بہترین اقدام قرار دیا۔ گورنرسندھ نے انہیں گھنٹی کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے قائد روم میں بابائے قوم کے زیر استعمال اشیاء بھی دیکھیں،انہوں نے طاقتور پاکستان پروگرام کے تحت تقسیم کئے جانے والے راشن بیگز کا معائنہ بھی کیا اورگورنرسندھ کے عوامی فلاح وبہبود کے تمام اقدامات دوسروں کے لئے لائق تقلیداور مثالی قرار دیا۔