گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے چین کے قائم مقام قونصل جنرل فینگ دہینگ نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اورپاک۔چین سٹریٹجک شراکت داری، دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
گورنر سندھ سے چینی قائم مقام قونصل جنرل کی ملاقات، اقتصادی تعاون کے فروغ پرتبادلہ خیال

مزید خبریں
کراچی۔ 17 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے چین کے قائم مقام قونصل جنرل فینگ دہینگ نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اورپاک۔چین سٹریٹجک شراکت داری، دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے سندھ میں چینی صنعتی تعاون، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی روابط کو مزید وسعت دینے پر مکمل اتفاق کیا جبکہ تجارت، صنعت، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، جدت اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی باہمی اعتماد، اخلاص اور مشترکہ ترقی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کا قابلِ اعتماد اور مخلص دوست رہا ہے۔ ملاقات میں عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں، سیاحت، کاروباری شراکت داری اور صنعتی اشتراک کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پر چین کے قائم مقام قونصل جنرل فینگ دہینگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی کاروباری ادارے سندھ میں دستیاب وسیع معاشی مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران صوبے میں خصوصی اقتصادی زونز ، مینوفیکچرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے نے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی ۔آخر میں دونوں ممالک نے معاشی و اقتصادی شراکت داری، صنعتی تعاون اور باہمی ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔








